”عزمِ استحکام“ کے تحت کارروائیاں جاری، شعبان کے کلیئرنس آپریشن میں 13 خوارجی دہشت گرد جہنم واصل، بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد
راولپنڈی(الفجرآن لائن) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ اور کلیئرنس آپریشنز کے دوران بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم مجموعی طور پر 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار محمد جمیل نے مادرِ وطن کے دفاع کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا۔
ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ اس کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو گھیرے میں لے کر کلیئر کر دیا ہے، جبکہ جھڑپوں میں 13 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ کلیئر کیے گئے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں خودکش جیکٹس، اسلحہ، گولہ بارود اور ممنوعہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
عسکری حکام کا کہنا ہے کہ شعبان کے علاقے میں دہشت گردی کے خطرے کا جڑ سے خاتمہ ہونے تک یہ کلیئرنس آپریشن بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہے گا۔ادھر ضلع کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں بھی سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ ہونے والی شدید فائرنگ کے تبادلے میں مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاک فوج کے نائب صوبیدار محمد جمیل نے شہادت کا رتبہ پایا۔ 39 سالہ شہید نائب صوبیدار محمد جمیل کا تعلق تونسہ شریف (ضلع ڈیرہ غازی خان) سے تھا۔ ان کی اس عظیم قربانی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو مٹانے کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔آئی ایس پی آر نے عزم ظاہر کیا ہے کہ حکومت پاکستان کے وڑن "عزمِ استحکام” کے تحت ملک بھر بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردوں اور ان کے غیر ملکی آقاوں (بھارتی سرپرستی و معاونت) کے خلاف کارروائیاں پوری سرعت اور تیزی سے جاری رہیں گی

