کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہش گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ 13 دہشت گردوں کا خاتمہ اور متعدد دہشت گرد ٹھکانوں کو کلیئر کرنا سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مؤثر انٹیلی جنس کارروائی کا نتیجہ ہے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کی برآمدگی بھی اہم کامیابی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے مقامی آبادی کو درپیش خطرے کا تدارک کیا ہے انہوں نے ضلع کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران مزید 6 دہشت گردوں کے خاتمے کو بھی سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے صوبیدار محمد جمیل کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کے ہیرو ہیں۔ شہداء کی قربانیاں ملک کے امن و استحکام کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کی روشن مثال ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاستی ادارے پوری قوت کے ساتھ سرگرم عمل ہیں۔ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گردوں کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

