![](https://alfajaronline.com/wp-content/uploads/2024/06/image_editor_output_image279074411-1719075443167.jpg)
راولپنڈی (الفجرآن لائن)ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقارچیمہ نے تحریک انصاف کے 4رہنماؤں کی 15روزہ نظر بندی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں 3ایم پی او کے تحت مذکورہ رہنماؤں کی نظر بندی کے احکامات سٹی پولیس افسر راولپنڈی کی تحریری سفارشات کی ر وشنی میں جاری کئے گئے ہیں۔
سی پی او کے مراسلہ میں متعلقہ تھانوں کی رپورٹ کا حوالہ دیا گیا ہے تاہم نظر بندی کی زد میں آنے والے کرنل (ر)اجمل صابر عید سے قبل ہی بیرون ملک روانہ ہو چکے ہیں مینٹی نینس آف پبلک آرڈر(ایم پی او)1960کی سیکشن 3(I)کے تحت جاری آرڈرزکے مطابق شہریار ریاض،کرنل ریٹائرڈاجمل صابرراجہ،چوہدری امیر افضل اورملک تیمور مسعود اکبرغیر قانونی اجتماع اور اس میں تقاریر، احتجاج وغیرہ کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس سے امن و امان کا مسئلہ پیداہونے کے ساتھ املاک کے نقصان کا خدشہ ہے جبکہ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی نے بھی20جون کو پولیس کی ان سفارشات کی توثیق کی ہے اس تناظر میں مفاد عامہ کے تحت ان افراد کی نظربندی ضروری قرار دی گئی ہے جس وجہ سے ان افراد کو 15دن تک اڈیالہ جیل میں نظر بند رکھا جائے۔
نظر بندی کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ افراد کو نظر بندی کے احکامات کے خلاف حکومت سے اپیل کرنے کا پورا حق حاصل ہے ادھر پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق کرنل اجمل صابر 14جون کو برطانیہ روانہ ہو چکے ہیں ایف آئی اے نے کرنل اجمل صابر کا نام پی این آئی ایل لسٹ سے نکالا تھا اور وہ روانگی سے قبل ہائی کورٹ کے حکم پر سیکریٹری داخلہ سے ملاقات بھی کر کے گئے تھے