مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے عالمی برادری مؤثر کردار ادا کرے، کشمیری عوام کو بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، گورنر بلوچستان
کوئٹہ (الفجر آن لائن): گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ منانے کا مقصد کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف آواز بلند کرنا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرنا ہے۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ آج ملک بھر میں جلسوں، جلوسوں اور ریلیوں کے ذریعے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ سمیت عالمی سطح کے تمام اہم فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔
جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھر کی محکوم اقوام اور مظلوم طبقات پر ہونے والے ظلم و جبر کے خلاف ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری کی توجہ ان مظالم کی جانب مبذول کرائی جائے اور کشمیری عوام کے جائز حقوق کے حق میں عالمی رائے عامہ کو مؤثر انداز میں ہموار کیا جائے۔
گورنر بلوچستان نے اپنے پیغام میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

