مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں، میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ (الفجر آن لائن): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کشمیری عوام کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، جو ان کی جدوجہدِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی یاد دہانی کراتا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستانی قوم کشمیری عوام کو اپنا بھائی اور کشمیر کو اپنی شہ رگ سمجھتی ہے، جبکہ بلوچستان کی حکومت کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے تاکہ ان کی خواہشات اور امنگوں کا احترام یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور معصوم شہریوں پر مظالم کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں ان کے عزمِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی گواہ ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور ان کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرتا رہے گا۔

