خضدار میں پانچ دہشت گردوں کی ہلاکت امن دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کا نتیجہ ہے، صوبے کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا قانون کے مطابق بھرپور جواب دیا جائے گا، میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ (الفجر آن لائن): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار کے علاقے کرخ میں سیکیورٹی آپریشن کے دوران کامیاب کارروائی پر پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خضدار میں پانچ دہشت گردوں کی ہلاکت امن دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کا نتیجہ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بروقت انٹیلیجنس معلومات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا قانون کے مطابق بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پولیس اور ایف سی کے جوان عوام کے تحفظ اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور مشترکہ حکمتِ عملی کی اہمیت کو واضح کرتی ہیں۔ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے دہشت گردی کے نیٹ ورکس کا خاتمہ اور مؤثر سیکیورٹی اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن کے محافظوں کی خدمات اور قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ حکومت بلوچستان صوبے میں امن و استحکام کے تحفظ اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن کا قیام حکومت کی ذمہ داری اور عوام کا تحفظ اس کا بنیادی عزم ہے۔

