اسلام آباد(الفجر آن لائن)وفاقی وزارتِ قومی صحت نے پمز کے نرسنگ ہاسٹل میں آتشزدگی کے واقعات کے سلسلے میں سابق سربراہ پمز اسپتال سمیت 7 ملازمین کے خلاف انضباطی کارروائی کا آغازکرتے ہوئے انہیں چارج شیٹ لیٹرز جاری کر دئیے ۔
میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران پر حفاظتی انتظامات میں مبینہ غفلت اور آتشزدگی کے واقعات کے بعد اصلاحی اقدامات یقینی بنانے میں ناکامی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
پمز اسپتال ذرائع کے مطابق مذکورہ ملازمین کو سول سرونٹس رولز 2020 کے تحت چارج شیٹ کیا گیا ہے۔جن ملازمین کو چارج شیٹ کیا گیا ہے ان میں پروفیسرعمران سکندر، سابق جے ای ڈی ایم سی ایچ ڈاکٹر مطاہر شاہ، سابق جے ای ڈی نان میڈیکل چوہدری وارث رضا شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سابق ڈائریکٹر ایم سی ایچ ڈاکٹر نوشیلا امجد، سابق ڈی ای ڈی ڈاکٹر انیزہ جلیل، سابق ایچ او ڈی نیونیٹالوجی ڈاکٹر سعدیہ ریاض، اور سابق سینئر رجسٹرار نیو نیٹالوجی ڈاکٹر نگہم نواز کو چارج شیٹ جاری کی گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق وزیراعظم نے سول سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2020 کے رول 2(1)(سی) اور رول 9 کے تحت کارروائی کی منظوری دی ہے۔چارج شیٹ کے مطابق 6 جولائی 2026 کو پمز کے خواتین نرسنگ ہاسٹل میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد انتظامی سطح پر مبینہ غفلت برتی گئی۔
ذرائع کے مطابق دستاویزات میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ متعلقہ حکام کو آگ لگنے کی وجوہات، ہاسٹل سے انخلا اور ہنگامی ردعمل سے متعلق خامیوں کی نشاندہی کے باوجود انہیں دور کرنے کیلئے مثر اقدامات نہیں کیے گئے، جس کے نتیجے میں اگست 2026 میں ایک اور قابلِ تدارک واقعہ پیش آیا۔

