اڑیسہ ریاست اور دیگر مشرقی ساحلی علاقوں میں اسکول، کالج اور کاروباری مراکز بند، نیپال میں حکام کی سیاحوں کو بلند پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت
نئی دہلی (الفجر آن لائن) بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں میں شدید سمندری طوفان ارناب کے خطرے کے پیش نظر ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا جبکہ متعدد ٹرین سروسز منسوخ اور ساحلی علاقوں میں احتیاطی تدابیر کے تحت کاروباری مراکز بند کر دیئے گئے ہیں ۔غیرملکی میڈیا کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان ارنب شدت اختیار کرنے لگا جس کے پیش نظر بھارت کی متعدد ساحلی ریاستوں میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ مرکزی حکومت نے بھی ہنگامی تیاریوں کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ بھارتی حکام نے بتایا کہ بدھ کو طوفان کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے، جس کے باعث تیز ہواؤ ں اور شدید بارشوں کا خدشہ ہے۔بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان ارناب پیر سے مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرانے کے دوران ہواں کی رفتار 115 سے 125 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا خدشہ ہے، جبکہ جھکڑ 140 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتے ہیں۔طوفان کے باعث آندھرا پردیش، اڈیشہ، تلنگانہ اور چھتیس گڑھ سمیت متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ کو تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پڈوچیری میں بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔پیش گوئی کے مطابق طوفان پیر کی رات تک شدید اور منگل کو انتہائی شدید شکل اختیار کرسکتا ہے۔ اس کے بدھ کی صبح آندھرا پردیش کے ساحل پر باپٹلا اور وشاکھاپٹنم کے درمیان یانم کے قریب ٹکرانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔طوفان کے خطرے کے پیش نظر دہلی میں قومی بحران انتظامی کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا، جس میں محکمہ موسمیات نے طوفان کی سمت، شدت اور ساحلی علاقوں پر ممکنہ اثرات سے آگاہ کیا۔ آندھرا پردیش اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر پرکھر جین نے رائٹرز کو بتایا کہ پیر و منگل کی درمیانی رات تک خطرے سے دوچار علاقوں سے تقریبا 50 ہزار افراد کو امدادی مراکز میں منتقل کیا جا چکا تھا، مجموعی طور پر 4 لاکھ افراد کے انخلا کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ لوگوں کی منتقلی کا عمل اب بھی جاری ہے۔دوسری جانب ریاست اڑیسہ کے خصوصی ریلیف کمشنر راجیش پربھاکر پاٹل کے مطابق اب تک ریاست میں انخلا کا عمل شروع نہیں کیا گیا تاہم طوفان کے خدشے کے پیش نظر پانچ اضلاع میں منگل اور بدھ کے روز اسکول اور کالج بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق بھارت کے مشرقی حصے میں کم از کم 12 ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جنوبی ساحلی علاقوں کے 53 روٹس پر منگل اور بدھ کے روز ٹرین سروس معطل رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ادھر پڑوسی ملک نیپال میں حکام نے سیاحوں کو بلند پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ طوفان ارناب جمعرات کی رات سے ہفتے تک ہمالیائی خطے میں شدید بارشوں، برفانی طوفانوں اور برفانی تودے گرنے کا سبب بن سکتا ہے۔نیپال میں یہ خطرہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ملک اگست میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے بعد بحالی کی کوششیں کر رہا ہے۔ اس سیلاب میں تقریبا 1,500 افراد ہلاک ہوئے تھے۔خلیج بنگال دنیا کے ان اہم خطوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سمندری طوفان کثرت سے جنم لیتے ہیں، جس کے باعث بھارت کا مشرقی ساحل ایسے موسمی خطرات کی زد میں رہتا ہے۔

