27 اکتوبر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے، عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرے، بابر یوسفزئی
کوئٹہ (الفجر آن لائن): معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کا دن کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ یومِ سیاہ ہمیں کشمیری عوام کی قربانیوں اور ان کے بنیادی حقوق کی اہمیت کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلے کے حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
معاون برائے داخلہ بلوچستان نے کہا کہ یومِ سیاہ کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جاتا ہے۔ ان کی جدوجہد، امنگوں اور بنیادی حقوق کا احترام خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ضروری ہے۔

