کوئٹہ ڈویژن کے لیے 805 اور ہیڈکوارٹرز میں 24 ملازمتیں منظور، خواتین کے لیے 10 اور اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص
کوئٹہ (الفجر آن لائن): پاکستان ریلویز میں بلوچستان کوٹے کے تحت گریڈ 1 سے 16 تک کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔ منظور شدہ آسامیوں میں کوئٹہ ڈویژن کے لیے 805 جبکہ ریلوے ہیڈکوارٹرز کے لیے 24 ملازمتیں شامل ہیں۔
جاری تفصیلات کے مطابق بھرتیوں میں خواتین کے لیے 10 فیصد اور اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ مخصوص بھرتیوں کے لیے امیدواروں کو تحریری امتحان اور اسکریننگ ٹیسٹ سے خصوصی استثنیٰ بھی دیا گیا ہے۔
خالی آسامیوں پر بھرتی کے لیے امیدواروں سے نیشنل جاب پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
درخواست گزاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تعلیمی اسناد، قومی شناختی کارڈ، ڈومیسائل، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور پاسپورٹ سائز تصاویر سمیت مطلوبہ دستاویزات جمع کرائیں۔
وزیر ریلوے کے مطابق بلوچستان کوٹے کے تحت بھرتیوں کا عمل 30 نومبر 2026 سے قبل مکمل کیا جائے گا۔ ان بھرتیوں کا مقصد بلوچستان کے مقررہ کوٹے کے تحت خالی آسامیوں کو پُر کرنا ہے۔

