ایشیا کے صفِ اول کے کھلاڑی مردوں اور خواتین کے ٹیم مقابلوں میں حصہ لیں گے، 11 ممالک کی ٹیموں کے 44 کھلاڑیوں سمیت غیر ملکی آفیشلز اور تکنیکی مندوبین کی شرکت متوقع
اسلام آباد (الفجر آن لائن) 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 کا آغاز کل 3 نومبر سے مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگا۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی ایونٹ میں ایشیا کے صفِ اول کے کھلاڑی مردوں اور خواتین کے ٹیم مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق چیمپئن شپ میں مردوں کی چھ ٹیمیں شرکت کریں گی، جن میں مجموعی طور پر 24 کھلاڑی شامل ہوں گے، جبکہ خواتین کے مقابلوں میں پانچ ٹیموں کے 20 کھلاڑی حصہ لیں گے۔ ایونٹ میں 36 غیر ملکی کھلاڑیوں، 12 غیر ملکی آفیشلز اور 10 تکنیکی مندوبین و ریفریز کی شرکت بھی متوقع ہے، جو اس چیمپئن شپ کی بین الاقوامی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔
پاک فضائیہ ملک میں اسکواش کے فروغ، باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی اور عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔ اسکواش کے میدان میں پاکستان کی شاندار روایات کی بحالی اور عالمی سطح پر ملک کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے سربراہ پاک فضائیہ کی سرپرستی میں جامع اور مربوط اقدامات جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق ایئر چیف کی اسکواش کے فروغ، بالخصوص نچلی سطح پر کھیل کی ترقی، نئے ٹیلنٹ کی مؤثر شناخت اور نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے غیر متزلزل وابستگی نے اس کھیل کی ترقی کو نئی جہت دی ہے۔
چیمپئن شپ میں پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر عہدیداران، شریک ممالک کے نمائندگان، کھلاڑیوں، کوچز، آفیشلز اور کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔ یہ ایونٹ ایشیائی کھلاڑیوں کو اپنی فنی مہارت اور مسابقتی صلاحیتوں کے اظہار کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے روابط کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرے گا۔
پاک فضائیہ کی سرپرستی میں اس چیمپئن شپ کا انعقاد اسکواش میں پاکستان کی درخشاں روایات کو مستحکم کرنے اور عالمی سطح پر قومی وقار و برتری کے فروغ کے عزم کا عکاس ہے۔ ایونٹ کے ذریعے بین الاقوامی کھیلوں میں تعاون کو مضبوط بنانے اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اعلیٰ سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع پیدا کرنے کی کوشش بھی کی جائے گی۔
23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 7 نومبر 2026 کو اختتام پذیر ہوگی، جبکہ فیصلہ کن فائنل مقابلے بھی اسی روز کھیلے جائیں گے۔

