کوئٹہ(الفجرآن لائن) ڈی آئی جی پولیس رخشان رینج و چیئرمین ریکروٹمنٹ کمیٹی عبدالحئی بلوچ نے دوڑ ٹیسٹ کے عمل کی نگرانی کی، امیدواروں کو محنت، نظم و ضبط اور فرض شناسی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
کوئٹہ، 03 نومبر 2026 بلوچستان پولیس میں نئی بھرتیوں کے سلسلے میں قد و چھاتی کی پیمائش کے مرحلے میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے دوڑ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس کی نگرانی ڈی آئی جی پولیس رخشان رینج و چیئرمین ریکروٹمنٹ کمیٹی عبدالحئی بلوچ نے کی۔
انہوں نے ٹیسٹ کے مختلف مراحل کا جائزہ لیا اور امیدواروں کی جسمانی صلاحیتوں کو جانچنے کے عمل کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی عبدالحئی بلوچ نے کہا کہ محکمہ پولیس میں بھرتی ایک اہم ذمہ داری ہے جس کا مقصد ایسے اہل، باصلاحیت اور جسمانی طور پر فٹ نوجوانوں کا انتخاب کرنا ہے جو مستقبل میں عوام کی جان و مال کے تحفظ قانون کی بالادستی اور امن و امان کے قیام میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

