اسلام آباد(الفجرآن لائن)قومی اسمبلی کی خزانہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ آسان ٹیکس سکیم کے تحت رجسٹرڈ نہ ہونے والے تاجروں کے خلاف جلد ہی کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔منگل کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین سید نوید قمر کی زیر صدارت میں ہوا۔
اجلاس میں کمپنیز ترمیمی بل 2026، ایکسپورٹ فسیلیٹیشن اسکیم اور تاجروں کے لیے آسان ٹیکس اسکیم سمیت اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔چیئرمین کمیٹی سید نوید قمر نے بتایا کہ کمپنیز ترمیمی بل 2026 ابھی تک کلیئر نہیں ہوا ہے اس لیے اسے مؤخر کیا جا رہا ہے۔
ایکسپورٹ فسیلیٹیشن اسکیم پر بریفنگ کے لیے ممبر پالیسی کمیٹی کے سامنے موجود تھے۔ ممبر کمیٹی مرزا اختیار بیگ نے اسکیم کے بینی فشریز کا ڈیٹا فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ چیئرمین کمیٹی نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ اسکیم مس یوز ہوئی ہے۔
رکن کمیٹی جاوید حنیف نے اسکیم کے بعد برآمدات میں اضافے کی تفصیلات طلب کیں۔ وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر اسکیم میں تبدیلیاں تجویز کی جا رہی ہیں جو چند دنوں میں تیار کر لی جائیں گی۔

