
اپیلٹ کورٹ نے استغاثہ کے گواہان کے بیانات کو محلوظ خاطر نہیں رکھا، فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، استدعا
اسلام آباد (الفجرآن لائن) خاور مانیکا نے عدت نکاح کیس میں عمران اور بشری بی بی کی بریت کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ تفصیلات کے مطابق خاور مانیکا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں بریت فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔
درخواست میں وفاقی حکومت، عمران خان اور بشری بی بی کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا گیا ہے کہ اپیلٹ کورٹ نے کیس کے اہم پہلو نظر انداز کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی سزا کالعدم قرار دی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اپیلٹ کورٹ نے استغاثہ کے گواہان کے بیانات کو بھی ملحوظ خاطر نہیں رکھا، اپیلٹ کورٹ کی جانب سے دونوں ملزمان کی بریت کا فیصلہ قانونی طور پر قائم نہیں رہ سکتا۔درخواست میں ایڈیشنل سیشن جج کے سزا کیخلاف اپیلیں منظور کرنے کے 13جولائی کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے ،ٹرائل کورٹ کا 3فروری کا فیصلہ اور دونوں کی سزائیں بحال کرنے کی استدعاء کی گئی ہے۔