مجوزہ میڈیا پالیسی سے ہزاروں خاندان متاثر ہونے کا خدشہ
معاملہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے سامنے اٹھانے کا اعلان
پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر سردار عمر گورگیج کی وفد سے ملاقات میں اظہار خیال
کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سینیٹر سردار عمر گورگیج نے کہا ہے کہ پرنٹ میڈیا کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں اور اس پر کسی قسم کی قدغن پارٹی منشور کے منافی ہے۔ وہ سید انور شاہ کی قیادت میں آئے ہوئے اخباری صنعت سے وابستہ نمائندہ وفد سے گفتگو کر رہے تھے،
جس میں ڈاکٹر ناشناس لہڑی، فاروق لانگو، ظاہر خان ناصر، عاطف خان سدوزئی اور کلیم صادق شامل تھے۔
اس موقع پر وفد نے 16 اپریل کو صوبائی کابینہ سے منظور ہونے والی مجوزہ میڈیا پالیسی کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس فیصلے سے ہزاروں خاندانوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ پرنٹ میڈیا کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ بے روزگاری کے ممکنہ بحران کو روکا جا سکے۔سینیٹر سردار عمر گورگیج نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوام دوست جماعت ہے جس کے منشور میں عوام کو روزگار فراہم کرنا بنیادی حیثیت رکھتا ہے، نہ کہ انہیں معاشی مشکلات سے دوچار کرنا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے موجودہ حالات اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ اہلِ قلم کے ہاتھوں سے روزگار چھین لیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پرنٹ میڈیا کی ممکنہ بندش کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور اگر اس حوالے سے کوئی پالیسی زیرِ غور ہے تو وہ اس معاملے کو پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے سامنے اٹھائیں گے تاکہ اخباری صنعت کو درپیش خدشات کا ازالہ کیا جا سکے
وفد نے سینیٹر سردار عمر گورگیج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان پیپلز پارٹی ان کے مطالبات کی حمایت کرے گی اور پرنٹ میڈیا کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔