اسلام آباد(الفجر آن لائن) محرم الحرام 1448 ہجری کا چاند نظر نہ آنے کے باعث ملک بھر میں نیا اسلامی سال 17 جون بروز بدھ سے شروع ہوگا جبکہ یوم عاشور 26 جون بروز جمعہ کو منایا جائے گا۔چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالکبیر آزاد نے اعلان کیا کہ ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی مصدقہ شہادت موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ یکم محرم 17 جون کو ہوگی۔
یہ اعلان بادشاہی مسجد میں ہونے والے مرکزی اجلاس کے بعد کیا جہاں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے مقامات پر منعقد ہوئے۔ اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کے علاوہ محکمہ موسمیات کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور چاند کی رویت سے متعلق تکنیکی بریفنگ دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چاند کی پیدائش آج صبح 7 بجکر 54 منٹ پر ہوئی تھی تاہم غروب آفتاب کے وقت اس کی عمر تقریباً 11 گھنٹے 45 منٹ تھی، جو رویت کے لیے ناکافی قرار دی گئی، اسی وجہ سے چاند نظر آنے کے امکانات کم تھے۔اعلان کے مطابق اب ملک بھر میں محرم الحرام کا آغاز 17 جون بروز بدھ سے ہوگا جبکہ یوم عاشور 26 جون بروز جمعہ کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔
