پرتشدد واقعات میں سیکیورٹی اہلکار شہید و زخمی، 81 مقدمات درج، 425 افراد گرفتار، تمام داخلی راستے اور بین الاضلاعی ٹریفک بحال: پولیس ترجمان
مظفر آباد (الفجر آن لائن)آزاد کشمیر پولیس کے ترجمان نے 15 جون 2026 کو جاری کردہ پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے منسوب پرتشدد کارروائیوں کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی فورسز متحرک ہیں۔
پریس بریفنگ کے مطابق حالیہ پرتشدد واقعات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چار اہلکار شہید جبکہ 89 زخمی ہوئے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ راولاکوٹ میں واقع سی ایم ایچ میں توڑ پھوڑ، مریضوں پر تشدد اور بکتر بند گاڑی (APC) پر فائرنگ جیسے واقعات بھی پیش آئے، جس کے نتیجے میں گاڑی کو نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق راولاکوٹ میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور شرپسند عناصر کی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کی مناسب تعداد تعینات ہے، جو دن رات فرائض انجام دے رہی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ اضلاع بھمبر، میرپور، کوٹلی، سدھنوتی، باغ، جہلم ویلی اور مظفر آباد سمیت بیشتر علاقوں میں حالات معمول کے مطابق ہیں۔
بعض مقامات پر جزوی شٹر ڈاؤن اور محدود پہیہ جام کی اطلاعات ہیں، تاہم کاروباری سرگرمیاں اور ٹریفک کی روانی برقرار ہے۔پریس بریفنگ کے مطابق 6 جون سے 14 جون 2026 کے دوران کالعدم تنظیم سے منسلک عناصر کے خلاف 81 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ مختلف کارروائیوں میں 425 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، خودکار ہتھیار، گولہ بارود، واکی ٹاکی سیٹس، حساس آلات اور دیگر مواد برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق 100 سے زائد افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کی کارروائی بھی جاری ہے۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ حکمت عملی کے باعث مجموعی طور پر آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال قابو میں ہے اور تمام داخلی راستے ٹریفک کے لیے کھلے ہیں۔پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و سکون برقرار رکھنے میں تعاون کریں، افواہوں سے گریز کریں، حساس مقامات اور غیر قانونی اجتماعات سے دور رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا امن عامہ کو متاثر کرنے والی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا ضلعی انتظامیہ تک پہنچائیں۔
