نوشکی (ویب ڈیسک)بلوچستان کے ضلع نوشکی میں قومی شاہراہ این-40 (آر سی ڈی شاہراہ) پر اسٹیشن کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے مال بردار بوزر گاڑیوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں کے ٹائر برسٹ ہو گئے، جس کے باعث تفتان اور کوئٹہ کے مابین ٹریفک کی آمد و رفت شدید متاثر ہوئی۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے بوزر گاڑیوں کو روکنے کے لیے ان کے ٹائروں کو نشانہ بنایا۔ واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ سیکورٹی خدشات کے پیشِ نظر شاہراہ پر مال بردار گاڑیوں کی نقل و حرکت کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ انتظامیہ نے سیکیورٹی حالات کے باعث پہلے ہی اس شاہراہ پر رات کے وقت سفر کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
