پورے خطے میں جنگ بندی چاہتے ہیں، نہیں چاہتے کہ کہیں بھی کوئی واقعہ پورے خطے کو لپیٹ میں لے، پریس کا نفرنس
نیو یارک (الفجرآن لائن) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے، فائنل ڈیل کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔سوئٹزرلینڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو باقاعدہ طور پر کھول دیا گیا ہے، ایرانی حکومت کے ساتھ معاملات مزید بگاڑنے کے بجائے آگے بڑھنے پر بات ہوئی۔جے ڈی وینس نے کہا کہ ایرانی ایٹمی پروگرام بند کرنے پر پیشرفت ہوئی ہے، تکنیکی ٹیمیں آگے کے عمل کو دیکھیں گی، ایران آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کو واپس بلانے پر راضی ہے، مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ اور اسرائیل کی لڑائی کیسے روکی جائے، اس پر گفتگو ہوئی ہے، فائنل ڈیل کی بنیاد رکھ دی گئی لیکن ابھی بہت کچھ باقی ہے، ایرانی وفد نے واک آؤٹ کی دھمکی دی تھی لیکن مذاکرات میں موجود رہے۔ان کا کہنا تھا کہ تکنیکی ٹیموں کے درمیان مذاکرات آئندہ دنوں تک جاری رہیں گے، یقینی بنائیں گے کہ معاملات کو آگے بڑھائیں، دھمکیاں ملیں گی تو امریکی صدر ریکارڈ کی درستگی کے لیے بیانات بھی دیں گے، ریکارڈ کی درستگی کے لیے میں بھی بیان جاری کرسکتا ہوں۔امریکی نائب صدر نے کہا کہ اچھی پیشرفت ہوئی ہے، پورے خطے میں جنگ بندی چاہتے ہیں، نہیں چاہتے کہ کہیں بھی کوئی واقعہ پورے خطے کو لپیٹ میں لے لے۔ لبنان سے ڈرون حملہ ہوتا ہے تو اس کے جواب میں اسرائیل سے کارروائی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہم نے حزب اللہ پر ایران کے اثرورسوخ سے متعلق بات کی، سعودی عرب اور یو اے ای کے ساتھ بھی رابطے رہے، اسرائیل کی سیکیورٹی ناگزیر ہے، لبنان کی خودمختاری کی حفاظت بھی چاہتے ہیں، چاہتے ہیں کہ ایران حزب اللہ پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرے اور انہیں روکے
