لاہور(الفجرآن لائن) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 کی آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق امیدوار سنگل فیس کے ساتھ 8 جولائی تک رجسٹریشن کرا سکیں گے، جبکہ لیٹ فیس کے ساتھ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 13 جولائی مقرر کی گئی ہے۔
ایم ڈی کیٹ کا انعقاد ملک بھر میں 16 اگست 2026 کو کیا جائے گا۔امتحان میں مجموعی طور پر 180 کثیرالانتخابی سوالات (ایم سی کیوز) شامل ہوں گے، جن میں بائیولوجی کے 81، کیمسٹری کے 45 اور فزکس کے 36 سوالات ہوں گے۔
اس کے علاوہ انگریزی اور لاجیکل ریزننگ کے 9، 9 سوالات بھی شامل کیے گئے ہیں۔پی ایم ڈی سی کے مطابق سوالیہ پرچے میں 15 فیصد آسان، 70 فیصد درمیانی درجے اور 15 فیصد مشکل سوالات شامل ہوں گے تاکہ امیدواروں کی صلاحیتوں کا مؤثر انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔
ایم ڈی کیٹ 2026 کا انعقاد لاہور سمیت پنجاب کے 15 شہروں میں کیا جائے گا، جبکہ ملک کے دیگر صوبوں میں بھی امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے۔
پی ایم ڈی سی نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں اور امتحان سے متعلق تمام معلومات کے لیے سرکاری پورٹل سے رہنمائی حاصل کریں۔
