ملک کو تقسیم کرنے کی خواہش رکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا اے ٹی ایف کی 20 ویں
کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ریاست کے استحکام کیلئے بہادر سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ایک منظ سازش کے تحت جہاں ایک طرف ریاست کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لئے دہشتگردی کے واقعات رونما ہوتے ہیں وہاں اس کا الزام بھی ریاست پر عائد کرکے انتشار پھیلانے کا پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے،
نوجوانوں کو ایک لاحاصل جنگ کی جانب دھکیلا جاررہا ہے ،بلوچستان اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی، ملک کو تقسیم کرنے کی خواہش رکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف ریاست ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کو سیاست سے نہ جوڑیں کیونکہ اس وقت ریاست کو سیاست کی نہیں بلکہ ریاست کے استحکام، قومی اتحاد اور عوام کی یکجہتی کی ضرورت ہے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ میں اینٹی ٹیررسٹ فورس (ATF) ٹریننگ اسکول میں 20 ویں ٹریننگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر خان اور کمانڈنٹ اے ٹی ایف اسد خان نے بھی خطاب کیا جبکہ قبل ازیں اے ٹی ایف کے جوانوں نے انسداد دہشت گردی کی پیشہ ورانہ تربیت، جنگی مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ پیش کیا وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان پولیس، اے ٹی ایف، سی ٹی ڈی اور اسپیشل آپریشنز ونگ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت ان فورسز کو مزید مضبوط، جدید اور مؤثر اسٹرائیکنگ فورس کی شکل دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان فورسز کو جدید اسلحہ، آلات، تربیت اور تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ دہشت گردی کے ناسور کا مؤثر انداز میں خاتمہ کر سکیں انہوں نے اے ٹی ایف میں شامل ہونے والی تین خواتین کانسٹیبلز کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی بیٹیاں اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ امن، قانون کی بالادستی اور وطن کے دفاع کے لیے آگے بڑھ رہی ہیں، جو پورے معاشرے کے لیے باعث فخر اور دیگر نوجوان خواتین کے لیے مشعل راہ ہے
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی قربانیاں قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کا مقدس خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کو ترقی، تعلیم اور خوشحالی کے سفر سے روکنا چاہتے ہیں لیکن حکومت، سیکیورٹی فورسز اور عوام کے اتحاد سے ان کے تمام مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے وزیراعلیٰ نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی جیسے قومی مسئلے کو سیاسی اختلافات کی نذر نہ کیا جائے
انہوں نے کہا کہ وطن کی حفاظت کے لیے شدید گرمی، سخت سردی اور مشکل حالات میں خدمات انجام دینے والے پولیس اور سیکیورٹی اہلکار پوری قوم کے ہیرو ہیں، ان کی قربانیوں کو سیاست سے جوڑنا قومی مفاد کے خلاف ہے انہوں نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو ایک لاحاصل جنگ میں دھکیلا گیا ہے جس سے انہیں صرف بدامنی، پسماندگی، تعلیم اور ترقی کے مواقع سے محرومی ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہتھیار چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہونا چاہتے ہیں، ریاست ان کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے ہوئے ہے اور ان کی بحالی، تعلیم، روزگار اور سماجی انضمام کے لیے جامع منصوبہ موجود ہے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اگر کوئی بندوق کے زور پر اپنا نظریہ مسلط کرنا چاہتا ہے تو اسے کامیابی نہیں ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت، بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی، تشدد اور بربریت کے سامنے کبھی سرنڈر نہیں کریں گے اور اس جنگ میں ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے میر سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ اے ٹی ایف، سی ٹی ڈی اور ایس او ڈبلیو کے اہلکاروں کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ شہداء کے خاندانوں کی مزید معاونت اور بچوں کی کفالت کی ذمہ داری بھی حکومت بلوچستان اٹھائے گی
انہوں نے اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے 15 کروڑ روپے کی گرانٹ، ٹرینرز کی بنیادی تنخواہوں میں اضافے اور فیڈنگ چارجز پر نظرثانی کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پولیس فورس کی استعداد کار بڑھانے اور انہیں جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل مہیا کرے گی وزیراعلیٰ نے پاسنگ آؤٹ کرنے والے جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ بلا خوف و خطر عوام، صوبے اور قومی پرچم کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری، پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری سے انجام دیں گے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امن کے قیام کو یقینی بنانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔

