لندن( الفجرآن لائن) برطانوی بیمہ کمپنی لائیڈز آف لندن کی جوائنٹ وار کمیٹی (جے ڈبلیو سی) نے ایک تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کو بحری جنگ، قزاقی، اور دہشت گردی کے خطرات والے علاقوں کی فہرست سے باضابطہ طور پر خارج کر دیا ہے۔ یہ اہم کامیابی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کے حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران جے ڈبلیو سی اور لائیڈز مارکیٹ ایسوسی ایشن کے حکام کے ساتھ ہونے والے کامیاب مذاکرات اور پاکستان کی محفوظ بحری حدود کے ٹھوس شواہد پیش کرنے کے بعد حاصل ہوئی۔ اس فیصلے سے ایک دہائی سے زائد عرصے سے پاکستانی بندرگاہوں پر عائد ‘وار رسک’ انشورنس کا خاتمہ ہو جائے گا، جس سے بین الاقوامی جہاز رانی کے اخراجات اور فریٹ چارجز میں نمایاں کمی آئے گی۔ اس اقدام سے کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر بندرگاہوں کی مسابقت میں اضافہ ہوگا، عالمی تجارتی برادری کا اعتماد بحال ہوگا اور پاکستان کی معیشت و بحری تجارت کو ایک نئی اور طاقتور جلا ملے گی

