راولپنڈی (الفجرآن لائن) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں راولپنڈی اسلام آباد میں مہاجرین کی 3 نشستوں پر پولنگ 2 اگست کو ہوگی ایل اے 43 ویلی 4، ایل اے 44 ویلی 5 اور ایل اے 39 جموں 6 پر مشتمل مہاجرین کی 3 نشستوں پر 50 ہزار کے قریب مرد وخواتین رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
تینوں نشستوں پر مجموعی طور پر 34 امیدوار میدان میں ہیں اس مقصد کے لئے 192 پولنگ سٹیشن قائم کر دئیے گئے ہیں جبکہ راولپنڈی کے 18 پولنگ سٹیشنوں کو حساس قرار دے کر خصوصی سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ایل اے 39 جموں 6 سے مسلم لیگ ن کے راجہ محمد صدیق۔
پیپلز پارٹی کے چوہدری فخر زمان اور استحکام پاکستان پارٹی کے محمد طاہر کھوکھر سمیت 14 امیدوار مد مقابل ہیں جبکہ ایل اے 43 کشمیر
ویلی 4 سے مسلم لیگ ن کے محمد یاسین لون، پیپلز پارٹی کے جاوید بٹ، استحکام پاکستان پارٹی کے حمزہ مجید سمیت 12 امیدوار اور ایل اے 44 کشمیر ویلی 5 میں مسلم لیگ ن کے محمد احمد رضا قادری۔
پیپلز پارٹی کے محمد راشد اسلام، جماعت اسلامی کے حنیف منظور ڈار اور مسلم کانفرنس کی مہرالنساء سمیت 8 امیدواروں میں مقابلہ ہو گا۔
چکوال، جہلم، اٹک، پشاور اور تلہ گنگ پر مشتمل ایل اے 39 جموں 6 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 37 ہزار، ایل اے 43 ویلی 4 میں 1600 سے زائد خواتین ووٹرز سمیت رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3346 اور ایل اے 44 ویلی 5 میں 3294 خواتین ووٹرز سمیت رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 6996 ہے۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمیں شن کی جانب سے ایل اے 39 جموں 6 میں 155 پولنگ سٹیشن، ایل اے 43 ویلی 4 میں 10 پولنگ سٹیشن اور ایل اے 44 ویلی 5 میں 27 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں ادھر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے 2 اگست کو ہونے والے انتخابات کے لیے سکیورٹی اور انتظامی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں انتظامات کو حتمی شکل دی گئی جس کے تحت راولپنڈی میں قائم 100 پولنگ سٹیشنوں میں سے 18 پولنگ سٹیشن حساس قرار دے کر خصوصی سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں اس ضمن میں 18 حساس مقامات پر 100 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں

