آئی ایس پی آر کے مطابق بڑے پیمانے پر تباہی کا منصوبہ ناکام، ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
راولپنڈی(الفجرآن لائن) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ”فتنہ الہندوستان“سے وابستہ چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ بارودی مواد سے بھری دو گاڑیوں کو بھی تباہ کر دیا گیاپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ خفیہ اطلاعات کی روشنی میں یہ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے لیے بارودی مواد سے تیار کی گئی دو گاڑیوں اور ان میں سوار دہشت گردوں کی مشکوک نقل و حرکت کو بروقت روکا گیا۔سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فوری، فیصلہ کن اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں کو کامیابی سے تباہ کر دیا گیا اور ان میں سوار چاروں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں کسی بھی دوسرے ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے اور مکمل صفائی کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن تاحال جاری ہے۔ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کی اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پْرعزم ہیں اور انسدادِ دہشت گردی کی بھرپور مہم بلا تعطل جاری رکھی جائے گی

