اسلام آباد (الفجر آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) میں جامع اصلاحات، ادارہ جاتی استعداد میں اضافے اور تیل و گیس کے شعبے میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام کے فوری نفاذ کی ہدایت کر دی۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی ایک ایک پائی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور کسی کو عوام کے استحصال، ذخیرہ اندوزی یا نظام میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت اوگرا کی اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد میں بہتری کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں تیل کی سپلائی چین، ریگولیٹری نظام کی بہتری اور ادارے کی تنظیمِ نو سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کے جدید ٹریکنگ نظام کو ماڈل بناتے ہوئے ملک میں ایندھن کی آمدورفت کی مؤثر نگرانی کا نظام وضع کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں اور ریفائنریوں سے پٹرول پمپس تک پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین کی ڈیجیٹل نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر کا استعمال یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے اوگرا کی تنظیمِ نو کرتے ہوئے ہر شعبے اور منصب پر میرٹ اور شفاف طریقہ کار کے ذریعے ماہرین کی تعیناتی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا کی استعداد میں اضافے کے لیے نجی شعبے سے اچھی شہرت کے حامل ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی، جبکہ حکومت اس مقصد کے لیے ہر قسم کی پیشہ ورانہ معاونت فراہم کرے گی

