راولپنڈی (الفجرآن لائن)عوامی جمہوریہ چین کی ‘پیپلز لبریشن آرمی’ کے قیام کی 99 ویں سالگرہ کی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی، پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر، جیانگ زائڈونگ (Jiang Zaidong) نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔
چین کے ڈیفنس اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ (Wang Zhong)، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پیپلز لبریشن آرمی کو اس کے قیام کی 99 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے چین کے دفاع، قومی ترقی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے پیپلز لبریشن آرمی کی شاندار خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاکستان اور چین کے تعلقات کی پائیدار مضبوطی کا ذکر کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی منفرد نوعیت کی ہے جو وقت کی ہر کسوٹی پر پوری اترنے والی ہے۔
یہ دوستی بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے باوجود ہمیشہ مستحکم رہی ہے، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ اسٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے لیے مشترکہ عزم کے بندھن میں بندھے ہوئے سچے شراکت دار ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر جیانگ زائڈونگ نے اس یادگار تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی نمایاں خدمات اور قربانیوں کا اعتراف کیا اور پاکستان کے لئے چین کی غیر متزلزل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان ‘ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری’ کو مزید مستحکم کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

