واشنگٹن(الفجر آن لائن)امریکا نے ایران کی سب سے بڑی فضائی کمپنیوں میں شمار ہونے والی ماہان ایئر اور اس سے منسلک بعض عالمی اداروں اور افراد پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی حکام نے ایرانی ایئر لائن پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ایران کے پاسداران انقلاب کی معاونت کرتی ہے اور اہلکاروں، ہتھیاروں اور ڈرونز کی منتقلی میں کردار ادا کرتی رہی ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ نے جاری بیان میں کہا کہ چین، بھارت، روس اور ایران میں موجود 6 اداروں اور افراد کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، حکام کے مطابق ان میں بعض ایسی کمپنیاں بھی شامل ہیں جو ماہان ایئر کے لیے سیلز ایجنٹس کے طور پر کام کرتی ہیں۔
امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ایران کی جانب سے مبینہ طور پر فوجی سرگرمیوں اور حساس سامان کی منتقلی کے نیٹ ورک کو محدود کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
ماہان ایئر ایران کی ایک بڑی نجی فضائی کمپنی ہے جو ملکی اور بین الاقوامی پروازیں چلاتی ہے، اس سے قبل بھی امریکا کی جانب سے کمپنی پر مختلف الزامات کے تحت پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔

