مبہم بیانات سے گریز کیا جائے، الزامات کی تفصیلات اور شواہد عوام کے سامنے لائے جائیں،سابق وزیراعلی بلوچستان
کوئٹہ(الفجر آن لائن) بلوچستان کے سابق وزیراعلی چیف اف ساروان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ پریس کانفرنس میں دیے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔
سابق وزیراعلی نواب اسلم رئیسانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ "سردار اور نواب اشرافیہ (ایلیٹ)نے اپنے مراعات کے تحفظ کے لیے بلوچستان کے حالات خراب کیے ہیں۔”انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان سرداروں اور نوابوں کے نام عوام کے سامنے لائے جائیں اور یہ بھی بتایا جائے کہ انہوں نے کون سی مراعات حاصل کیں جن کی خاطر مبینہ طور پر ایسے اقدامات کیے گئے۔
سابق وزیراعلی نے کہا کہ اگر ایسے الزامات عائد کیے گئے ہیں تو ان کی تفصیلات اور شواہد بھی سامنے لائے جائیں تاکہ حقائق قوم کے سامنے واضح ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مبہم بیانات سے گریز کیا جانا چاہیے اور ذمہ دار افراد کی نشاندہی کی جانی چاہیے۔

