دبئی(الفجرآن لائن) گزشتہ رات دبئی سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 212 خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث آپریشنل تاخیر کا شکار ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق دبئی ایئرپورٹ حکام نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر تمام پروازوں کی روانگی کے درمیان 10،10 منٹ کا وقفہ مقرر کردیا ہے، جس کے باعث پی آئی اے کی پرواز روانگی کے لیے تیار ہونے کے باوجود تقریباً ساڑھے تین گھنٹے انتظار کرتی رہی۔
طویل انتظار کے دوران طیارے میں موجود مسافروں کو زمین پر ہی کھانا فراہم کیا گیا، تاہم کھانے کے بعد بعض مسافروں نے طیارے میں ہنگامہ آرائی شروع کردی اور کاک پٹ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔
عملے نے کاک پٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی، جبکہ ایک مشتعل مسافر نے مبینہ طور پر طیارے کی کھڑکی توڑ دی۔صورتحال بگڑنے پر دبئی کے سیکیورٹی حکام کو اطلاع دی گئی۔
جنہوں نے طیارے کا دروازہ کھلوایا اور ہنگامہ آرائی کرنے والے مسافروں کو حراست میں لے لیا۔واقعے کے بعد طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا، جبکہ دیگر مسافروں اور عملے کو ہوٹل منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 212 آج رات 11 بج کر 15 منٹ پر دبئی سے اسلام آباد کے لیے روانہ کی جائے گی۔

