کوئٹہ (الفجر آن لائن،ایجنسیاں) ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی(آر ٹی اے)نے کوئٹہ میں پشین ٹیکسی سروس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈان کرتے ہوئے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں اور کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی۔
کارروائی کے دوران چار ٹیکسی گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا گیا جبکہ ٹرانسپورٹ قوانین کی مسلسل خلاف ورزی پر دو ٹیکسی کمپنیوں کو سیل کر دیا گیا سیکرٹری آر ٹی اے نعمت اللہ ترین کی سربراہی میں ہونے والی اس خصوصی کارروائی میں ایس پی ٹریفک سٹی شبانہ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی امیر حمزہ، اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز کھوسہ، ٹریفک پولیس، ضلعی انتظامیہ اور آر ٹی اے کے دیگر افسران نے بھی حصہ لیا۔
مختلف مقامات پر قائم چیکنگ پوائنٹس پر ٹیکسی گاڑیوں کی مہم جانچ پڑتال کی گئی اور سفری دستاویزات، روڈ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹس، ڈرائیونگ لائسنس۔
گاڑیوں کی رجسٹریشن اور کرایوں کے تعین کا جائزہ لیا گیا کارروائی کے دوران متعدد ٹیکسی گاڑیاں مقررہ روڈ پرمٹ کے بغیر چلتی پائی گئیں جبکہ کئی گاڑیوں میں مقررہ گنجائش سے زیادہ مسافر بٹھائے جا رہے تھے، جس سے نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہو رہی تھی بلکہ مسافروں کی جان و مال کو بھی خطرات لاحق تھے۔
اس کے علاوہ شہریوں سے سرکاری نرخنامے کے برعکس زائد کرایہ وصول کرنے کی شکایات بھی درست ثابت ہوئیں، جس پر متعلقہ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی حکام نے بتایا کہ بار بار ہدایات کے باوجود قوانین پر عمل درآمد نہ کرنے والی دو ٹیکسی کمپنیوں کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ چار گاڑیوں کو ضبط کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا

