مظفرآباد(آن لائن) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کل مظفرآباد ڈویڑن کی 9 اور مہاجرینِ مقیم پاکستان کی 12 نشستوں سمیت مجموعی طور پر 21 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے موقع پر عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مہاجرینِ مقیم پاکستان کی 12 نشستوں کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی سامان پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ نیلم اور جہلم ویلی کے تمام انتخابی حلقوں میں بھی پولنگ میٹریل کی ترسیل مکمل کرلی گئی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق مظفرآباد کے 5 انتخابی حلقوں میں پولنگ میٹریل کی ترسیل آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، جبکہ پولنگ عملہ سخت سیکیورٹی میں متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کی جانب روانہ کردیا گیا ہے

