وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور محکمہ خزانہ کے صوبائی وزراء کے ہمراہ محکمہ اطلاعات بلوچستان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ظہور احمد بلیدی، صوبائی وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی، سیکرٹری اطلاعات بلوچستان عمران خان اور ڈائریکٹر اطلاعات سعید احمد شاہوانی نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں، معاشی اقدامات اور دیگر اہم شعبوں میں اٹھائے جانے والے اقدامات کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے، حکومتی کارکردگی کو اجاگر کرنے اور میڈیا کے ذریعے عوامی رابطہ مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس کا بنیادی مقصد صوبائی وزراء کے ساتھ محکمہ اطلاعات کی جانب سے میڈیا ٹیموں کی منسلکی کے طریقۂ کار پر غور کرنا تھا، تاکہ متعلقہ وزراء کی وزارتوں میں جاری ترقیاتی و عوامی فلاحی سرگرمیوں، پالیسی اقدامات، منصوبوں اور کارکردگی کو بروقت، مؤثر اور پیشہ ورانہ انداز میں میڈیا کے ذریعے اجاگر کیا جا سکے۔
اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے کہا کہ موجودہ دور میں حکومت کی کارکردگی کو عوام تک پہنچانے کے لیے جدید اور مؤثر میڈیا حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔ محکمہ اطلاعات صوبائی حکومت کے عوامی فلاحی اقدامات، ترقیاتی منصوبوں اور گڈ گورننس کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کو میڈیا کے ذریعے بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا ٹیموں کی مؤثر منسلکی سے صوبائی وزراء کی وزارتوں میں جاری سرگرمیوں کی بروقت کوریج، پریس ریلیزز، تصویری و ویڈیو کوریج، ڈیجیٹل میڈیا اور دیگر تشہیری ذرائع کے ذریعے عوام تک درست اور مستند معلومات پہنچانے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ میڈیا ٹیمیں متعلقہ صوبائی وزراء کی وزارتوں سے قریبی رابطے میں رہتے ہوئے روزمرہ کی اہم سرگرمیوں، ترقیاتی منصوبوں، اجلاسوں، فیلڈ وزٹس اور عوامی فلاحی اقدامات کی بروقت معلومات محکمہ اطلاعات تک پہنچائیں، تاکہ ان کی مؤثر میڈیا کوریج کو یقینی بنایا جا سکے۔
صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ظہور احمد بلیدی اور صوبائی وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی نے محکمہ اطلاعات کی جانب سے حکومتی کارکردگی کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور اس سلسلے میں محکمہ اطلاعات کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صوبائی حکومت کے ترقیاتی، مالیاتی اور عوامی فلاحی اقدامات کو جدید میڈیا تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے زیادہ مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا، تاکہ حکومت کی کارکردگی اور عوامی خدمت کے اقدامات کو بھرپور انداز میں عوام کے سامنے لایا جا سکے۔

