کوئٹہ (الفجرآن لائن): بلوچستان بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے کالعدم تنظیم بی ایل اے اور دیگر ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں میں انتہائی شدت پیدا کر دی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، صوبے کے تمام اضلاع میں "آپریشن العزم” اور "آپریشن شعبان” کے تحت بڑے پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔ ان کامیاب کارروائیوں کے دوران اب تک 72 انتہائی خطرناک اور قانون کو مطلوب دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جا چکا ہے، جبکہ 39 دہشت گردوں کو زندہ گرفتار کر کے قانون کے شکنجے میں جکڑ دیا گیا ہے۔ یہ سیکیورٹی آپریشنز کوئٹہ، خاران، نوشکی، ہرنائی، سوراب، قلات، کیچ، پنجگور، مستونگ، چاغی، دالبندین، کوہلو، واشک، تربت اور خضدار سمیت بلوچستان کے چپے چپے میں پھیلے ہوئے ہیں۔
اسی دوران سیکیورٹی فورسز نے مستونگ کے علاقے کنڈ عمرانی میں ‘فتنہ الہندوستان’ کے خلاف ایک اور انتہائی اہم اور کامیاب کارروائی کی ہے۔ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی اس کارروائی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی ایک بڑی اور خطرناک منصوبہ بندی کو ناکام بنا دیا گیا۔ آپریشن کے دوران ایک انتہائی اہم ‘ہائی ویلیو ٹارگٹ’ دہشت گرد ہلاک ہو گیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں مزید چار دہشت گرد شدید زخمی ہوئے۔ فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے دو محفوظ ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر کے ان کے مقامی نیٹ ورک کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔ علاقے میں امن کے مستقل قیام اور دیگر فرار دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن اور مزید کارروائیاں تاحال جاری ہیں

