گیلینڈڑک کے قریب ڈرون حملہ یوکرین نے کیا، روس کا الزام، شہریوں کی بڑی تعداد متاثر
ماسکو (الفجرآن لائن) روس نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کی جانب سے بحیرہ اسود کے ساحلی تفریحی علاقے گیلینڈڑک کے قریب ایک مصروف ساحل کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد شہری ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق روسی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرینی ڈرون حملے میں کم از کم 7 افراد ہلاک ہوئے، جن میں تین بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔روسی علاقے کراسنوڈار کرائی کے گورنر وینیامین کوندراتیف نے اپنے بیان میں کہا کہ حملے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ افراد میں شہری شامل ہیں جو ساحلی علاقے میں موجود تھے۔روسی حکام کے مطابق امکان ہے کہ ڈرون کا اصل ہدف بحیرہ اسود میں واقع روس کا اہم بحری اڈہ نووروسیسک تھا، جو گیلینڈڑک سے تقریباً 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، تاہم ڈرون ساحلی علاقے میں گرنے سے عام شہری متاثر ہوئے۔واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں جبکہ روسی حکام نے حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے دوران دونوں جانب سے ڈرون حملے معمول بن چکے ہیں، جن میں فوجی تنصیبات کے ساتھ بعض اوقات شہری علاقے بھی متاثر ہوتے ہیں #/s#

