اب بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو پاور آف اٹارنی، ایجنٹ یا پاکستان سفر کرنے کی ضرورت نہیں، شفاف اور تیز رفتار نظام متعارف
لندن(الفجرآن لائن) بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی اور قونصلر خدمات کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پنجاب میں جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کی سہولت براہِ راست دستیاب کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے لیے جائیداد کی خرید و فروخت اور منتقلی کے عمل کو مزید آسان، محفوظ اور شفاف بنانا ہے۔پاکستان ہائی کمیشن لندن نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ وزیراعظم کے وڑن کے تحت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے اور قونصلر خدمات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بیان کے مطابق اب بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو پنجاب میں اپنی جائیداد کی منتقلی کے لیے نہ تو پاور آف اٹارنی کی ضرورت ہوگی، نہ کسی تیسرے فریق یا ایجنٹ کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی۔ جائیداد کی منتقلی کا عمل براہِ راست ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔پاکستان ہائی کمیشن لندن کے مطابق یہ طریقہ کار اوورسیز پاکستانیوں کے لیے شفاف، تیز رفتار اور کم خرچ ہے، جبکہ اس کے ذریعے انہیں جائیداد کی منتقلی کے لیے پاکستان سفر کرنے کی ضرورت بھی نہیں رہے گی۔ہائی کمیشن نے بتایا کہ مسٹر فضل اور ان کے اہلِ خانہ کی جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کا عمل کامیابی سے مکمل کیا گیا، جو اس سہولت کے مؤثر استعمال کی ایک مثال ہے۔پاکستان ہائی کمیشن لندن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیداد کی براہِ راست اور ڈیجیٹل منتقلی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے خدمات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ اوورسیز کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کی جا سکیں

