کوئٹہ( الفجرآن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پولیس کے شہداء قوم کا عظیم سرمایہ اور پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہیں جنہوں نے وطن کے امن، قانون کی بالادستی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وفا، بہادری اور فرض شناسی کی لازوال داستانیں رقم کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور قوم ان عظیم قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھے گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان پولیس گزشتہ کئی برسوں سے دہشت گردی، انتہا پسندی اور جرائم کے خلاف صفِ اول میں برسرِپیکار ہے۔ پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر امن کے قیام، ریاست کی رٹ کے استحکام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہی قربانیوں کی بدولت آج صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور دہشت گرد عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا جا رہا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے بالخصوص زیارت کے شہدائے پولیس کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم سپوتوں نے دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے جرات، استقامت اور حب الوطنی کی ایسی مثال قائم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زیارت کے شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور حکومت بلوچستان ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں اور صبر کو سلام پیش کرتی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے شہداء کے ورثاء کی عزت، فلاح و بہبود اور مالی معاونت کو ریاستی ذمہ داری سمجھتے ہوئے متعدد عملی اقدامات کیے ہیں اور یہ سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔ شہداء کے اہلِ خانہ کی ہر ممکن دیکھ بھال، بچوں کی تعلیم، صحت اور دیگر ضروریات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان پولیس فورس کی استعدادِ کار میں اضافے، جدید تربیت، جدید اسلحہ، حفاظتی سازوسامان، ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بھرپور سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ پولیس ہر قسم کے سیکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹ سکے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں اس امر کا تقاضا کرتی ہیں کہ ہم دہشت گردی، انتہا پسندی اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف اپنی جدوجہد کو مزید مضبوط بنائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن کے قیام، قانون کی حکمرانی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور شہدائے پولیس کا مقدس مشن ہر قیمت پر پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یومِ شہدائے پولیس ہمیں اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو یاد رکھنے، ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنے اور اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ حکومت بلوچستان، پولیس، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام متحد ہو کر امن دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ کے لیے ناکام بنائیں گے۔

