راولپنڈی (الفجرآن لائن) چیف آف آرمی اسٹاف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسز () فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) میں جاری مون سون سیزن کے حوالے سے ملک بھر میں کی جانے والی تیاریوں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق، چیئرمین این ڈی ایم اے نے آرمی چیف کو این ای او سی کی آپریشنل صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس مانیٹرنگ سسٹم پر بریفنگ دی۔ دورے کے دوران آرمی چیف کو خصوصی طور پر "ڈیزاسٹر لینز 2026” (Disaster Lens 2026) کے ذریعے موجودہ مون سون کی صورتحال اور قدرتی آفات کی نگرانی کے لیے بنائے گئے خودکار نظام کے بارے میں بتایا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے این ڈی ایم اے کی جانب سے قدرتی آفات سے نمٹنے کی قومی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی تعاون اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انسانی جانوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے فوری ردعمل کی ضرورت پر زور دیا۔ آرمی چیف نے یقین دلایا کہ پاک فوج سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر امدادی، بچاؤ اور بحالی کے کاموں میں ہر ممکن تعاون کے لیے مکمل تیار ہے

