اسلام آباد (الفجرآن لائن) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے علاحدہ پیغامات میں کشمیریوں کی بہادری اور حقِ خود ارادیت کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ گزشتہ برسوں کے شدید بھارتی مظالم اور آبادیاتی تناسب کو بدلنے کی مکروہ کوششیں نہ تو جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت کو ختم کر سکی ہیں اور نہ ہی کشمیری عوام کے عزم کو کمزور کر سکی ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ وادی کے حالات پر عالمی برادری بالخصوص اقوامِ متحدہ کو فوری نوٹس لینا چاہیے کیونکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا راستہ صرف مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے ہی جڑا ہوا ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت پوری قوت سے جاری رکھے گا۔ وزیرِ اعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ محض تشویش کے اظہار سے آگے بڑھ کر بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ اگست 2019 کے جابرانہ قوانین واپس لے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حقِ خود ارادیت دینے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے۔

