لاہور (الفجرآن لائن)لاہور کے پولیس تھانوں میں شفافیت اور احتساب کا نظام مضبوط بنانے کے لیے خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز نصب کرنے کا اہم فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ان جدید ڈیوائسز کے ذریعے ویڈیو کے ساتھ ساتھ آڈیو بھی باقاعدگی سے ریکارڈ کی جائے گی۔یہ خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز تھانوں کے اندر ایس ایچ او کے روم، محرر روم، فرنٹ ڈیسک اور تھانوں کے صحن سمیت تمام اہم اور حساس مقامات پر نصب کی جائیں گی، جن کے ذریعے تھانے کے اہم حصوں کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی۔
حکام کے مطابق اس اقدام کے بعد ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں اور آنے والے سائلین کے درمیان ہونے والی تمام تر گفتگو اور برتاؤ بھی محفوظ ریکارڈ کا حصہ بن سکے گا۔
حکام نے بتایا کہ اس خفیہ ریکارڈنگ کا بنیادی مقصد تھانوں میں کرپشن، رشوت ستانی اور سائلین سے بدسلوکی کی روک تھام کے ساتھ ساتھ پولیس افسران اور اہلکاروں کے عمومی رویوں کی مؤثر نگرانی کرنا ہے۔
اس ریکارڈنگ کو شہریوں کی موصول ہونے والی شکایات کے فوری ازالے اور پولیس افسران کے احتساب کے لیے بطورِ ثبوت استعمال کیا جائے گا، جس سے تھانہ کلچر میں نمایاں بہتری آئے گی۔

