چناری(الفجرآن لائن)جہلم ویلی کے علاقہ وادی لیپہ کے کپہ گلی بازار میں شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی،ایک مسجد شہید،دو سرکاری عمارتیں،پٹرول پمپ اور 40 سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں،آگ بجھانے کی کوشش میں ایک دکاندار زخمی ہو گیا،کپہ گلی بازار آتشزدگی کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کا نقصان،دکانداروں کی زندگی بھر کی جمع پونجی اور کاروباری سامان چند ہی منٹوں میں راکھ کا ڈھیر بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق کپہ گلی بازار میں شارٹ سرکٹ کے باعث پیر کے روز آگ بھڑکی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے درجنوں دکانوں اور دیگر املاک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،آگ کی شدت کے باعث ایک مسجد،پٹرول پمپ، دو سرکاری عمارتیں بھی متاثر ہوئی،جبکہ کروڑوں روپے مالیت کا کاروباری سامان جل کر تباہ ہوگیا،آتشزدگی کے دوران ابراہیم ولد حسن سکنہ انٹلیاں معمولی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا

