اسلام آباد(الفجرآن لائن) نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبر پختونخوا میں ممکنہ بارش کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔14 سے 17 ستمبر تک خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔متوقع بارش کے باعث نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور شہری علاقوں میں مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان، پشاور اور ملحقہ علاقوں میں بھی شدید بارش متوقع ہے۔پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں تیز بہاؤ، مقامی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

