اسلام آباد (الفجرآن لائن) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر کے جمہوریت پسند عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا روشن، مستحکم اور خوشحال مستقبل صرف اور صرف جمہوریت کے تسلسل سے ہی جڑا ہے۔ اپنے ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ مضبوط جمہوریت ہی پاکستان میں سماجی انصاف، معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی کو یقینی بنا سکتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملک میں جمہوری اقدار کے تحفظ، پارلیمان کی خودمختاری اور آئین کی بالادستی کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا وژن ایک جمہوری، پارلیمانی اور عوامی پاکستان کا قیام تھا۔
انہوں نے پاکستان کی جمہوری تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو 1973ء کا متفقہ آئین دے کر یہاں جمہوری نظام کی مضبوط بنیاد رکھی۔ اس کے بعد شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی، عوامی حقوق کی پاسداری اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک تاریخی اور طویل جدوجہد کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اس ملک میں جمہوریت کی سربلندی اور بقا کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، اور پاکستان کے جمہوری سفر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی یہ قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔چیئرپرسن BISP نے جمہوریت کے اصل فلسفے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت صرف پانچ سال بعد ووٹ ڈالنے کا نام نہیں ہے، بلکہ یہ عوام کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانے، انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے اور بنیادی حقوق کی ضمانت دینے کا ایک مکمل نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مثالی جمہوری نظام میں ریاست کی تمام تر پالیسیوں کا محور عام آدمی کی فلاح و بہبود ہونا چاہیے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو جمہوریت کے ثمرات کی ایک عملی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام معاشرے کے مستحق اور کمزور ترین طبقات تک ان کے حقوق پہنچا رہا ہے، اور مستحق خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنا کر انہیں فیصلہ سازی میں ایک مؤثر آواز دے رہا ہے۔ انہوں نے پیغام کے آخر میں زور دیا کہ ہمیں مل کر جمہوری اداروں کو مضبوط، پارلیمان کو بااختیار اور آئین کی بالادستی کو ہر قیمت پر یقینی بنانا ہو گا تاکہ ایک ایسا پاکستان تشکیل پا سکے جہاں ہر شہری کو برابری، انصاف اور عزت ملے

