اسلام آباد/لاہور (الفجرآن لائن) تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 27 ستمبر کے احتجاج سے قبل ممکنہ حکومتی کارروائیوں اور گرفتاریوں سے بچنے کے لیے حکمت عملی پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سینیئر رہنماؤں اور خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرینز نے ممکنہ گرفتاریوں کے خدشے کے پیش نظر خیبرپختونخوا کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے کئی رہنما اور ارکان بھی صوبے سے روانہ ہو رہے ہیں۔ پنجاب کے بعض ارکان نے پارٹی قیادت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ اسٹریٹ موومنٹ اور احتجاج سے قبل گرفتاریوں سے بچنا 27 ستمبر کے احتجاج کی کامیابی کے لیے انتہائی ضروری ہے، کیونکہ اس وقت رہنماؤں کا منظرِ عام پر رہنا اور احتجاج کو لیڈ کرنا ناگزیر ہے۔

