فورسز امن و امان کے قیام، قانون کی بالادستی اور دہشتگردی کے ناسور کو مکمل طور پر مٹانے کیلئے پوری طرح پرعزم ہیں، سیکیورٹی ذرائع
کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے بدرنگ میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے ۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آواران کے علاقے بدرنگ میں آپریشن ردالفتنہ 3 کا آغاز کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان موثر کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے خودکار ہتھیاروں، دھماکہ خیز مواد اور گولہ بارود سمیت بھاری مقدار میں سازوسامان برآمد کیا گیا ہے، جو علاقے میں تخریب کاری کی بڑی کارروائی کے لیے استعمال ہونا تھا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مسلسل اور موثر کارروائیوں کی وجہ سے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو شدید جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ فورسز صوبے میں امن و امان کے قیام، قانون کی بالادستی اور دہشت گردی کے ناسور کو مکمل طور پر مٹانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں اور یہ کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی

