کوئٹہ (الفجرآن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوہاٹ کی پرانی پولیس لائن میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں وزیراعلیٰ نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ایسے بزدلانہ واقعات ناقابل برداشت ہیں اور بے گناہ انسانی جانوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور ملک میں مستقل امن و استحکام کے لیے ہمیں اپنے قومی عزم کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔

