Police have placed the suspected target killers in the NADRA Assistant Director Fahad murder case on the ECL as investigations continue in Peshawar.
ذیلی سرخی: پولیس نے ملزمان کے شناختی کارڈز بلاک کر دیے، نادرا سمیت متعلقہ اداروں کو بھی ملزمان سے متعلق آگاہ کر دیا گیا، سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج سے فرار کے روٹس کا سراغ لگا لیا گیا۔
پشاور (الفجر آن لائن) پشاور کے علاقے حیات آباد میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا فہد کے قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے فرار ہونے والے مبینہ ٹارگٹ کلرز کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کروا دیے ہیں، جبکہ نادرا سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ملزمان کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی انویسٹیگیشن محمد سمیع کے مطابق سیف سٹی کیمروں سے شہر کے مختلف راستوں کی فوٹیج حاصل کی گئی ہے، جس سے معلوم ہوا کہ واردات کے بعد ملزمان سدرن روڈ کے راستے فرار ہوئے۔ ملزمان کا شناختی ڈیٹا کریمنل ڈیٹا سسٹم میں موجود ہے، جبکہ ان کے شناختی کارڈز بھی بلاک کر دیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا فہد کا یونیورسٹی ٹاؤن سے تعاقب کیا گیا تھا اور وہ اپنی بلٹ پروف گاڑی میں حیات آباد پہنچے تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں قتل کی وجہ مبینہ دشمنی بتائی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واردات سے قبل جائے وقوعہ کی متعدد مرتبہ ریکی کی گئی تھی۔
ایس ایس پی انویسٹیگیشن کے مطابق مقتول بلٹ پروف گاڑی استعمال کرتے تھے، جس کے باعث مرکزی ملزم نے اپنے ایک ساتھی کو سواری کے طور پر ساتھ بٹھا کر نادرا دفتر تک گاڑی کا تعاقب کیا۔ مبینہ شوٹرز گھر سے نادرا آفس تک مقتول کے پیچھے رہے۔
واضح رہے کہ 6 نومبر کو حیات آباد میں نادرا دفتر کے باہر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تھے۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید تحقیقات اور کارروائیاں جاری ہیں۔

