فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کامیاب نشانہ بازوں میں ٹرافیاں اور تمغے تقسیم کیے، پنجاب رجمنٹ کے حوالدار فضل الرحمان نے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز ’’ماسٹر ایٹ آرمز‘‘ ٹرافی اپنے نام کر لی۔
راولپنڈی (الفجر آن لائن) پاکستان آرمی نے چوتھی بین الخدماتی جنگی شوٹنگ چیمپئن شپ جیت لی، جبکہ آرمی مارکس مین شپ یونٹ نے وزیراعظم ’’اسکلز ایٹ آرمز‘‘ بگ بور نیشنل چیلنج میچ میں کامیابی حاصل کر لی۔ اس موقع پر پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کی 46ویں سالانہ سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب آرمی مارکس مین شپ یونٹ جہلم میں منعقد ہوئی، جس میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 46ویں سالانہ سینٹرل میٹ کا انعقاد 7 اکتوبر سے 11 نومبر 2026 تک کیا گیا، جس میں مختلف شعبوں اور زمروں میں نشانہ بازی کے مقابلے منعقد ہوئے۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، جبکہ ایڈمرل نوید اشرف نے مہمانِ اعزاز کی حیثیت سے شرکت کی۔ دونوں عسکری سربراہان نے مختلف مقابلوں کے فاتحین اور رنر اپ میں ٹرافیاں اور تمغے تقسیم کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان مقابلوں میں پاکستان آرمی، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، قانون نافذ کرنے والے مسلح اداروں، سندھ اور پنجاب رینجرز، گلگت بلتستان اسکاؤٹس، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی ٹیموں، وفاقی رائفل ایسوسی ایشن اور شہریوں سمیت 1500 سے زائد نشانہ بازوں نے حصہ لیا۔
چوتھی بین الخدماتی جنگی شوٹنگ چیمپئن شپ کی ٹرافی پاکستان آرمی نے جیتی، جبکہ آرمی مارکس مین شپ یونٹ نے وزیراعظم ’’اسکلز ایٹ آرمز‘‘ بگ بور نیشنل چیلنج میچ میں کامیابی حاصل کی۔ مقابلوں کا سب سے بڑا فوجی شوٹنگ اعزاز ’’ماسٹر ایٹ آرمز‘‘ ٹرافی (ڈولی کپ) پنجاب رجمنٹ کے حوالدار فضل الرحمان کو دیا گیا۔ پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی میچ اور انفنٹری اسکواڈ میچ میں بھی کامیابی حاصل کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کامیاب نشانہ بازوں کی غیر معمولی مہارت، درست نشانہ بازی اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایک پیشہ ور سپاہی کے لیے نشانہ بازی میں مہارت اور درستگی انتہائی اہمیت رکھتی ہے، جبکہ چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال میں مکمل مہارت بنیادی فوجی تربیت کا لازمی حصہ ہونی چاہیے۔
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فوجی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مسلسل تربیت اور مہارت کا حصول ضروری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 46ویں سالانہ سینٹرل میٹ نے قومی سطح پر شوٹنگ کے ایک اہم مقابلے کی حیثیت اختیار کی، جس میں مختلف اداروں اور شعبوں سے تعلق رکھنے والے نشانہ بازوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔

