باچا خان چوک، قندھاری بازار اور دیگر علاقوں میں شہریوں کی شکایات پر کارروائی، پولیس کے مطابق مزید گرفتاریوں کا امکان، تاجر برادری کا اقدامات جاری رکھنے کا مطالبہ
کوئٹہ (الفجر آن لائن) کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں رات کے اوقات میں مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق شہریوں اور تاجر برادری کی شکایات پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 11 خواجہ سراؤں کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت کے نوٹس اور احکامات کے بعد ایس پی سٹی آصف غفور کی سربراہی میں عمل میں لائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق باچا خان چوک، قندھاری بازار، سرکلر روڈ، جناح روڈ اور ان کے اطراف کے علاقوں میں رات گئے مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیوں اور عوامی مقامات پر مشتبہ افراد کی موجودگی سے متعلق شہریوں اور تاجروں کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ شکایت کنندگان کا مؤقف تھا کہ ان سرگرمیوں کے باعث بالخصوص خواتین، بچوں اور خاندانوں کو رات کے اوقات میں ان شاہراہوں سے گزرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شہریوں اور تاجر برادری نے ان علاقوں میں نشے کے عادی افراد کی آمدورفت اور رات گئے پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔ ان شکایات کے پیش نظر ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی آصف غفور کو ضروری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔
پولیس حکام کے مطابق ایس پی سٹی آصف غفور نے ہدایات ملنے کے بعد مختلف پولیس ٹیمیں تشکیل دیں۔ ایس ایچ او سٹی اور ایس ایچ او سول لائن کی سربراہی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 11 خواجہ سراؤں کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں مزید کارروائی اور گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔
ایس پی سٹی آصف غفور کے مطابق گرفتار خواجہ سراؤں کا تعلق دیگر صوبوں سے ہے اور وہ مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ شہر میں قانون کی خلاف ورزی اور عوامی مقامات پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب کوئٹہ کی تاجر برادری اور شہریوں نے پولیس کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی قانون کے مطابق مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ تمام شہریوں، بالخصوص خواتین، بچوں اور خاندانوں کے لیے پُرامن اور محفوظ ماحول یقینی بنایا جا سکے۔

