آئی جی سندھ نے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی گاڑی کی تکنیکی خرابی، مرمت کے ریکارڈ اور ایس ایس یو کے اخراجات کا جائزہ لے گی، سات روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت۔
کراچی (الفجر آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری کے دورہ ٹھٹھہ کے دوران صدارتی قافلے میں شامل گاڑی خراب ہونے کے واقعے کا اعلیٰ سطح پر نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ نے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جسے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر سات روز کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جاری کردہ حکمنامے کے مطابق کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کریں گے، جبکہ ڈی آئی جی لاجسٹکس زبیر دریشک اور ڈی آئی جی فنانس تنویر عالم اوڈھو کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق صدارتی قافلے میں شامل ٹویوٹا ریوو ڈبل کیبن گاڑی دوران سفر خراب ہو گئی تھی، جس کے بعد یہ سوال سامنے آیا کہ تکنیکی خرابی کا شکار گاڑی اہم صدارتی پروٹوکول قافلے میں کیسے شامل کی گئی۔ انکوائری کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ گاڑی کی جانچ پڑتال، فٹنس کی تصدیق اور ڈیوٹی پر تعیناتی کے ذمہ دار افسران کون تھے۔
کمیٹی گاڑی میں پہلے سے موجود ممکنہ تکنیکی خرابیوں، اس کی مرمت کے ریکارڈ اور دیکھ بھال کے انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لے گی تاکہ واقعے کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کی نشاندہی کی جا سکے۔
حکمنامے کے مطابق انکوائری کمیٹی کو اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے بجٹ اور فنڈز کے استعمال کی جانچ پڑتال کا ٹاسک بھی سونپا گیا ہے۔ اس سلسلے میں گاڑیوں کی مرمت، ایندھن کی خریداری اور نئی گاڑیوں کی خریداری پر ہونے والے اخراجات کا ریکارڈ بھی جانچا جائے گا۔
کمیٹی تحقیقات کے دوران اگر کسی افسر یا اہلکار کی غفلت یا کوتاہی سامنے آتی ہے تو اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش بھی کرے گی۔ اس کے علاوہ مستقبل میں وی آئی پی اور وی وی آئی پی قافلوں کے دوران ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق انکوائری کمیٹی اپنی مفصل رپورٹ سات روز کے اندر متعلقہ حکام کو پیش کرے گی، جس کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل اور ضروری محکمانہ اقدامات طے کیے جائیں گے۔

