وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تقریب میں شرکت، منصوبے سے 1,200 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی، ستمبر 2030 میں پیداوار شروع ہونے کی توقع۔
اسلام آباد (الفجر آن لائن) پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ میں چشمہ-5 (سی-5) جوہری بجلی گھر کے گنبد کی کامیاب تنصیب مکمل کرکے ایک اہم تعمیراتی سنگ میل حاصل کر لیا ہے۔ اس پیش رفت کو پاکستان میں جوہری توانائی کے شعبے اور توانائی کے محفوظ و مستحکم مستقبل کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چینی حکام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے منصوبے کی تعمیر میں حصہ لینے والے پاکستانی اور چینی انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کی محنت اور لگن کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کا اہم تعمیراتی مرحلہ مقررہ شیڈول سے پہلے مکمل ہونا متعلقہ ٹیموں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چشمہ-5 منصوبہ پاکستان میں صاف اور کاربن کے اخراج سے پاک بجلی کی پیداوار کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے چینی شراکت داروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب پاکستان اور چین کی دیرینہ، ہمہ موسمی دوستی اور اقتصادی، دفاعی و ترقیاتی شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط، توانائی کے حوالے سے خودکفیل اور ماحولیاتی طور پر ذمہ دار ملک بنانے کے لیے اپنے قدرتی وسائل اور انسانی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا۔
اس موقع پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ جوہری توانائی پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے اور مستحکم بجلی کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کے جوہری بجلی گھر محفوظ اور مؤثر انداز میں مجموعی طور پر 3 ہزار 530 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں سالانہ تقریباً ڈیڑھ کروڑ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج سے بچاؤ ممکن ہو رہا ہے۔
چیئرمین پی اے ای سی کے مطابق ملک کی مجموعی نصب شدہ بجلی پیداواری صلاحیت میں جوہری توانائی کا حصہ 8.6 فیصد ہے، تاہم بجلی کی مجموعی پیداوار میں اس کا حصہ تقریباً 16.6 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جبکہ موسم سرما کے دوران یہ شرح 26 فیصد تک ریکارڈ کی گئی۔
چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی-5 منصوبے کی پیداواری صلاحیت 1,200 میگاواٹ ہوگی، جبکہ منصوبے سے ستمبر 2030 میں بجلی کی پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے قومی بجلی نظام میں اضافی بجلی شامل ہونے اور ملک کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملنے کی امید ہے۔

